نئی دہلی،5؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی سربراہ امت شاہ اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ساتھ میٹنگ کی۔حکام نے یہ نہیں بتایا کہ میٹنگ میں کن باتوں پر بحث ہوئی، لیکن یہ مودی کے سات اور آٹھ اکتوبر کے مجوزہ گجرات دورے سے پہلے ہوئی ہے۔امت شاہ آج کیرل کے وزیراعلیٰ پنراکے آبائی شہر میں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے تھے لیکن وہ درمیان میں پروگرام چھوڑ کر ملاقات کے لئے دہلی روانہ ہو گئے۔کیرل بی جے پی کے صدر راج شیکھرن نے صحافیوں کو بتایا کہ شاہ سفرکے باقی مرحلے میں شامل نہیں ہو پائیں گے کیونکہ انہیں قومی دارالحکومت میں وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں شامل ہوناپڑا۔اپوزیشن کی طرف سے سست اقتصادی ترقی پرتنقیدکیے جانے کے درمیان مودی نے ایک دن پہلے ہی اپنی حکومت کے اقتصادی فیصلوں کا دفاع کیا تھا جس کے بعد اس میٹنگ کواہم مانا جا رہا ہے۔